اسٹار بننے سے قبل کیمرے کے پیچھے کام کرتے بالی ووڈ اداکار

بھارتی فلم انڈسٹری کے وہ اداکار جن کا شمار آج بالی ووڈ کے کامیاب اور بڑے اداکاروں میں ہوتا ہے بہت کم لوگ ہی شاید یہ بات جانتے ہوں گے کہ ان اداکاروں نے اسٹار بننے سے قبل اپنے کریئر کی ابتداء کیمرے کے پیچھے کام کرنے سے کی اور ان میں سے زیادہ تر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کرتے تھے۔
ایک انٹرویو میں ا داکارہ عالیہ بھٹ نے بتایا کہ انہوں نے بھی اپنے کریئر کا آغاز کیمرے کے پیچھے سے کیا۔ انہوں نے اپنی پہلی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ میں کام کرنے سے قبل کیمرے کےمختلف زاویوں اور اسے استعمال کرنا سیکھا۔ اسی طرح اداکار ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا نے بھی بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے سے قبل ڈائریکشن اور پروڈکشن کا تجربہ حاصل کیا۔
بالی ووڈ کے وہ اداکار جنہوں نےفلمی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل پس پردہ کام کیا:
ورون دھون

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ورون دھون نے برطانیہ کی ’Nottingham Trent‘ نامی یونیورسٹی سے بزنس کی تعلیم حاصل کی، جس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کریں گےاور پھر انہوں نے بالی ووڈکےمعروف ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر کے ساتھ 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مائی نیم از خان‘ میں کام کیا ۔ اس فلم میں شاہ رخ خان اور اداکارہ کاجول نے مرکزی کردار ادا کیا۔
سدھارتھ ملہوترا

بالی ووڈ کے دوسرے بڑے اور کامیاب اداکار سدھارتھ ملہوترا نے بھارت کی مشہور ’دہلی یونیورسٹی‘ سے تعلیم حاصل کی اور ساتھ ہی انہوں نے 18 سال کی عمر سے ماڈلنگ بھی شروع کردی۔ انہوں نے بھی اداکار ورون دھون کے ساتھ ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر کی فلم ’مائی نیم از خان‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا۔
سونم کپور

اداکارہ سونم کپور نے اپنے والد اور بالی ووڈ کے سپر اسٹار انیل کپور کے کہنے پر سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’بلیک‘ جو کہ سال 2005 میں ریلیز ہوئی تھی اس میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹرکام کیا۔ ہدایت کار اور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی نے سونم کپور کے وزن کم کرنے پر بہت زور دیا تاکہ وہ انہیں ایک ہیروئن کی حیثیت سے بالی ووڈ میں متعارف کراسکیں اور پھر انہوں نے اپنی الگی فلم ’سانوریا‘ میں انہیں ہیروئن کاسٹ کیا۔
یہ فلم 2007 میں ریلیز کی گئی تھی جس میں انہوں نے اداکار رنبیر کپور کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔
پرینیتی چوپڑا

اداکار پرینیتی چوپڑا نےبرطانیہ نے ’Manchester Business School ‘ نامی یونیورسٹی سے بزنس، فنانس اور معاشیات میں 3 مرتبہ آنرز کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے یش راج فلمز میں بطور پی آر (public relations) ممبر کام کیا،جس کے بعد اُن کی کزن اور اداکارہ پریانکا چوپڑا نے فلموں میں آنے کے لیے ان کی مدد کی۔
رنبیر کپور

بالی ووڈ کے معروف اداکار رشی کپور کے بیٹے اور اداکار رنبیر کپور نے اداکاری کی تعلیم نیویارک کے’Lee Strasberg Theatre and Film Institute‘ سے حاصل کی ، اس کے بعد انہوں نے بھی ہدایت کاراور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’بلیک‘ میں اداکارہ سونم کپور کے ساتھ بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹرکام کیا،اور یہی ان کے بالی ووڈ میں قدم رکھنے کی وجہ بنی۔
ارجن کپور

فلم غنڈے کے اداکار ارجن کپور اسٹار بننے سے قبل نا صرف اسسٹنٹ ڈائریکٹر رہے بلکہ وہ اسسٹنٹ پروڈیوسر کی حیثیت سے بھی کام کرچکے ہیں۔ انہوں نےبالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم ’کل ہو نا ہو‘ اور ’سلام عشق‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرکے طور پر کام کیاجبکہ اسسٹنٹ پروڈیوسر کے فرائض انہوں نے اپنے والد اور ہدایت کار بونی کپور کی فلم ’نو اینٹری‘ اور ’وانٹیڈ‘ میں سر انجام دیے۔
Comments
Post a Comment