جمعہ کو لوگ نہ نکلے تو نواز شریف کا بیانیہ ختم ہوجائیگا ، تجزیہ کار
جمعہ کو لوگ نہ نکلے تو نواز شریف کا بیانیہ ختم ہوجائیگا ، تجزیہ کار
کراچی: سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کا وطن واپسی کا فیصلہ درست ہے اگر نواز شریف واپس نہیں آتے تو ان کا بیانیہ ناکام ہوجاتا، انہیں جیل پہنچنے دیں مزید ندامت ،خجالت اور عبرتناک شکست ان کا مقدر ہوگی،شہباز شریف نے نواز شریف اور مریم نواز کے نشانہ بنائے جانے کے بیانیہ کی ملکیت نہیں لی ،جمعہ کو لوگ نہیں نکلے تو نواز شریف کا بیانیہ ختم ہوجائے گا ساتھ ن لیگ کی سیاست کو بھی بڑا دھچکا پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار ریما عمر، مظہر عباس، حسن نثار، ارشاد بھٹی، حفیظ اللہ نیازی اور شہزاد چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان عائشہ بخش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے سوال ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کا وطن واپسی کا فیصلہ، پارٹی قائد کی واپسی سے مسلم لیگ ن کے انتخابی نتائج پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے ریما عمر نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو سزا کے خلاف اپیل ضرور کرنی چاہئے، ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے میں کچھ کمزوریاں ہیں جنہیں اپیل میں اٹھایا جاسکتا ہے، نواز شریف اور مریم نواز کو اپیل دائر کرنے کیلئے پاکستان ضرور آنا پڑے گا، اگر وہ پاکستان نہیں آتے تو ضمانت اور اپیل کیلئے درخواست نہیں کرسکتے، شہباز شریف نے نواز
شریف اور مریم نواز کے نشانہ بنائے جانے کے بیانیہ کی ملکیت نہیں لی ہے، شہباز شریف اپنے ترقیاتی کاموں کے بیانیے پر ہی فوکس کرتے نظر آرہے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز کو واپسی سے مختصرمدت میں نہیں فائدہ ہوگا البتہ مریم نواز کو طویل مدت میں فائد ہوسکتا ہے ۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بیانیہ آگے نہیں چلے گا، اب احتساب کا عمل کھلتا جارہا ہے، پرویز مشرف کے بچوں تک کو کال کیا جارہا ہے جبکہ آصف زرداری بھی لپیٹ میں ہیں، نواز شریف اور مریم نواز کو جیل پہنچنے دیں مزید ندامت ،خجالت اور عبرتناک شکست ان کا مقدر ہوگی۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ کیپٹن صفدر جس کو کسی کھاتے میں نہیں ڈالا جاتا انہوں نے کل پنڈی میں ہلچل مچائے رکھی، یہ سوچئے جب نواز شریف اور مریم نواز ضمانت ملنے کے بعد پنڈی سے لاہور آئیں گے تو کیا حال ہوگا، پاکستان میں پارٹی اب شروع ہوئی ہے۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ یہاں کرپشن ایشو نہیں ہے، ہمارے ہاں جس طرح کرپشن کرائی جاتی ہے وہ علیحدہ کہانی ہے، آصف زرداری 2014ء میں دھرنے میں شامل نہ ہوئے جسے 2015ء میں انہوں نے بھگتا، اس وقت نواز شریف نے ان کا ساتھ نہیں دیا بعد میں آصف زرداری ان کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے۔شہزاد چوہدری نے کہا کہ جرم اور سیاست کا آپس میں کوئی ملاپ نہیں ہوسکتا ، جمعہ کو دو ملزم پاکستان کی زمین پر اتریں گے ان سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، نواز شریف اور مریم نواز کو 9A/5کے نیچے سزا ہوئی جو کرپشن کی ہی ایک قسم ہے، یہ بات درست نہیں کہ انہیں کرپشن پر سزا نہیں ہوئی ہے،دونوں باپ بیٹی ن لیگ کو الیکشن جتوانے کیلئے نہیں آرہے بلکہ مریم نواز کا سیاسی مستقبل قائم رکھنے کیلئے آرہے ہیں۔
Comments
Post a Comment