بھاشا ڈیم پانی کے مسئلے کا فوری حل ہے، شہباز شریف
بھاشا ڈیم پانی کے مسئلے کا فوری حل ہے، شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پانی کے مسئلے کا فوری حل بھاشا ڈیم ہے۔
صدر پاکستان مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف کراچی میں فیڈریشن ہاؤس میں صنعتکاروں سے خطاب کررہے تھے، دوران خطاب ان کا کہنا تھا کہ پانی کا مسئلہ بنیادی مسئلہ ہےجس کا فوری حل بھاشا ڈیم ہےجبکہ کالا باغ ڈیم قومی اتحاد کی قیمت پر نہیں بن سکتا۔
شہباز شریف نے یہ بھی بتایا کہ 100 ارب روپے سے بھاشا ڈیم کی زمین خریدی جا چکی ہے پانچ سال میں 70 سے 80 فیصد کام مکمل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پاکستان سے عسکری طور پر نہیں لڑ سکتا مگر وہ پانی کی جنگ لڑے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ 2013 میں پاکستان کو دو چیلنجز کا سامنا تھا جس میں بجلی کا بحران بڑا چیلنج تھا جبکہ توانائی بحران کے باعث برآمدات کو بھی کافی نقصان پہنچ رہا تھا۔
اس کے علاوہ کراچی میں خوف کا عالم تھا، بھتاخوری، ٹارگٹ کلنگ اور ہر طرف دہشت گردی تھی لیکن آج پاکستان کے حالات ایسے نہیں ہیں، 5سال کے دوران مسلم لیگ ن نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ماضی کی کارکردگی کےسوا ووٹ دینےکاکوئی پیمانہ نہیں ہوسکتا، غلط بیانی یا خود نمائی سےکام نہیں لینا چاہیے،جھوٹ کے بحائے کارکردگی پر بات ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک ن لیگ حکومت کے دور میں آیا تاہم بجلی کا بحران بھی ہم نے مکمل نہیں تو90 فیصدحل کردیا ہے۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جس طرح کراچی میں بجلی کا بحران حل کیا پانی کا مسئلہ بھی حل ہونا چاہئیے۔
اس کے علاوہ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تین سال میں پورے کراچی میں پینے کا پانی ہر گھر میں فراہم ہو گا۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے مزید کہا کہ چھ ماہ میں کراچی سے کوڑے کڑکٹ کے ڈھیر اٹھانے ہیں، کراچی کی عوام کو پبلک ٹرانسپورٹ دینا ہے کیونکہ یہ ان کا حق ہے اور اگر انہیں بنیادی سہولتیں نہیں دیں گے تو کراچی پوری صلاحیت سے ترقی نہیں کر سکتا۔
Comments
Post a Comment